ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر تعلیم کی زیر صدارت نئے چیئرمین تعلیمی بورڈز کا تعارفی اجلاس ، سخت ہدایات جاری

سپلیمنٹری امتحانات میں آن لائن اسکرین مارکنگ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا

وزیر تعلیم کی زیر صدارت نئے چیئرمین تعلیمی بورڈز کا تعارفی اجلاس ، سخت ہدایات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جنید ریاض:صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پنجاب کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین تعلیمی بورڈز کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امتحانی نظام میں اصلاحات، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران وزیر تعلیم نے نئے چیئرمینز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے تعلیمی ویژن اور جاری اصلاحاتی ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت امتحانی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور بوٹی مافیا، نقل مافیا اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی بدستور برقرار رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی بورڈز میں موجود بدعنوان عناصر اور مافیا کا خاتمہ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ امتحانی عمل اور نتائج کی تیاری میں ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرائی جائیں جبکہ سپلیمنٹری امتحانات میں آن لائن اسکرین مارکنگ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے نئے چیئرمین بورڈز پر زور دیا کہ وہ جاری اصلاحات کے تسلسل کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے انجام دیں، کیونکہ وہ لاکھوں طلبہ کے مستقبل کے امین ہیں اور انہیں اس مینڈیٹ کا حق ادا کرنا ہوگا۔

رانا سکندر حیات نے چیئرمینز کو ہدایت کی کہ وہ مارکنگ سنٹرز کے دوروں کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں، غلط پیپر چیک کرنے والوں کا مؤثر احتساب یقینی بنائیں اور کسی بھی طالبعلم کے ساتھ ناانصافی نہ ہونے دیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں طلبہ کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر تعلیم نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی بورڈز کی سطح پر اسٹیم، مباحثوں اور کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔

یاد رہے کہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز گزشتہ 3 سے 4 سال سے مستقل چیئرمینوں سے محروم تھے، جس کے باعث انتظامی امور قائم مقام چیئرمینوں کے طور پر متعلقہ کمشنرز چلا رہے تھے۔

راولپنڈی تعلیمی بورڈ کیلئے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر طاہر محمود کو چیئرمین منتخب کیا گیا ہے، جبکہ فیصل آباد بورڈ کیلئے ڈاکٹر اقصیٰ شبیر کا انتخاب کیا گیا ہے۔

 اسی طرح لاہور بورڈ کیلئے ڈاکٹر بدرالاسلام، ملتان بورڈ کیلئے ڈاکٹر رانا بنیامین، سرگودھا بورڈ کیلئے اقبال محمود، گوجرانوالہ بورڈ کیلئے اشتیاق احمد، ساہیوال بورڈ کیلئے ڈاکٹر احمد منیب، بہاولپور بورڈ کیلئے ڈاکٹر نسیم اور ڈیرہ غازی خان بورڈ کیلئے عباس حیدر کو چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔