(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں شادی ہالز اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 2 ہفتے پہلے بتایا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کورونا کی چوتھی لہر کے امکانات ظاہر کررہی ہے، چوتھی لہر سے متعلق 2 ہفتے پہلے ہی خبردار کردیا تھا، اب کورونا کی چوتھی لہر شروع ہونے کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق ایس او پیز پر عمل نہیں ہورہا، ایس اوپیز پرعمل نا ہوا تو شادی ہالز اور ان ڈور ڈائننگ بند کردیں گے،ہوٹل اور جم مالکان نے ذمہ داری نا دکھائی تویہ سہولت بھی بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نا ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن کا عندیہ دیدیا، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر میں کیسز اوپر گئےتوکاروبار بند کرنا پڑیں گےاور لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا، تمام شہریوں کی ویکسین مکمل ہونے تک کورونا لہریں آتی رہیں گی،چوتھی لہرسےنکل گئے تو اپنے ملک کو بچاسکیں گے،عوام سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، ماسک پہنیں اور ویکسی نیشن کروائیں۔