وقاص عظیم : سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری تمام شرائط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے، جی ایس پی پلس کی سہولت کو آئندہ مدت کے لیے جاری رہنا چاہیے۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف اور سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے آئندہ مدت کے لیے یورپی یونین سے جی ایس پی پلس سہولت کی تجدید کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں،یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کیروبلس نے گوہر اعجاز سے ملاقات کی ہے،لاقات میں جی ایس کی پلس کی تجدید پر تفصیلی گفتگو کی گئی،ملاقات میں چیئرمین اپٹما کامران ارشد ، اسد شفیع فرانس کے اعزازی قونصل جنرل حبیب انور اور دیگر موجود تھے۔
پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا،گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری تمام شرائط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے،ایکسپورٹرز لیبر قوانین ، انسانی حقوق ، صنفی شمولیت اور فیکٹریوں میں محفوظ ماحول کو یقینی بنا رہے ہیں ۔
جی ایس پی فریم ورک کی تمام شرائط پر عملدرآمد کیا گیا،جی ایس پی پلس کی سہولت سے پاکستان کو فائدہ ملا ہے، اسے آئندہ مدت کے لیے جاری رہنا چاہیے،پاکستان کی کاروباری برادری حکومت کے ساتھ مل کر تمام شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے لیے جی ایس پی پلس سہولت کی تجدید انتہائی اہم ہے ،جی ایس پی پلس کی سہولت سے قوانین سے متعلق آگاہی ملی ہے، جی ایس پی پلس کی سہولت کا فائدہ یورپی یونین کو بھی ہو رہا ہے کیونکہ پاکستان ٹیکسٹائل مشینری یورپی یونین سے درآمد کر رہا ہے ۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ مسلسل دو طرفہ رابطہ انتہائی ضروری ہے، جی ایس پی پلس کی بحالی سے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔