ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے نامزد ملزم امیر افضل کو بری کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے خوشاب قتل کیس کے نامزد ملزم امیر افضل کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلہ جسٹس عبہر گل خان نے تحریر کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ طے شدہ قانون کے مطابق اگر مقدمے میں شک پایا جائے تو اس کا فائدہ ملزم کو دیا جاتا ہے۔ فیصلے کے مطابق استغاثہ ملزم کے خلاف الزامات کو شواہد کے ساتھ ثابت کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث ملزم کو بری کرنے کا حکم دیا گیا۔
، امیر افضل پر الزام تھا کہ انہوں نے 2015ء میں ضلع خوشاب میں محمد اشرف کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور پانچ لاکھ روپے معاوضے کی سزا سنائی تھی، جب کہ شریک ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے ساتھ ہی امیر افضل پر آٹھ سال پرانا مقدمہ اختتام پذیر ہو گیا، اور وہ قانونی طور پر الزامات سے بری ہو گئے۔