(علی رامے) تبدیلی سرکار کو پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی ضرورت پڑ گئی، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے گھروں کی تعمیر کا کام لیا جائے گا، کمپنی افسران پر آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے تھے، شہباز شریف، فواد حسن فواد، احد چیمہ سمیت دیگر گرفتار ہوئے۔
ماضی میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ پر تنقید کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت اب اسی کمپنی سے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو ابتدائی مرحلے میں گھردے گی، محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے حکام کی جانب سے حکومت کو رائے دی گئی ہے کہ گھروں کی تعمیر کی ذمہ داری پنجاب لینڈ کمپنی کے سپرد کی جائے، جس پر حکومتی وزراء نے کابینہ میں پیش کی گئی تجویز پر مثبت رائے دی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو کر کے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کی اراضی کو سود مند بنایا جا سکتا ہے، حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے منتخب اراضی چھوٹے، چھوٹے ٹکڑوں میں ہے، ڈویلپ کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے افسران پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم میں کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے تھے، انہی الزامات پر شہباز شریف، فواد حسن فواد، احد چیمہ سمیت پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے افسران کو گرفتار بھی کیا گیا۔