ویب ڈیسک: پشاور میں مہنگی چینی فروخت کرنے پر 31 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
سیکرٹری فوڈ عابد وزیر کے مطابق پشاور میں سپر اسٹورز،دکانوں میں 200 روپے کلو چینی فروخت کرنے پر 31 افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چینی کی فی کلو قیمت 176 روپے ہے جبکہ سپر اسٹورز اور دکانوں میں 200 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔سیکرٹری فوڈ کے مطابق چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں مزید کمی آگئی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں فی کلو چینی کی قیمت میں مزید 20 روپے کی کمی ہوگئی جس کے بعد ایک کلو چینی 200 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جب کہ بعض علاقوں میں چینی 205سے 210 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چینی کی فی کلو قیمت 225 سےکم ہوکر 220 روپے ہوئی تھی۔ضلعی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 190روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پشاور میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ہول سیل میں چینی کی فی کلو قیمت 172 روپے ہوگئی۔