ویب ڈیسک : کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں 85 افسران کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا۔
بدانتظامی اور مالی کرپشن کے الزامات پر سی ڈی اے میں 85 افسران کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 12 ڈائریکٹرز اور ایک ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کو او ایس ڈی مقرر کیا گیا، جبکہ 16 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور 11 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو بھی عارضی طور پر او ایس ڈی بنایا گیا۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر آفس سی ڈی اے کے 30 افسران اور اہلکاروں کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
بڑے پیمانے پر تبادلے سے واٹر سپلائی، قانون، منصوبہ بندی، نفاذ، ماحولیات، تعمیرات اور مکینیکل ڈویژنز کے اہم محکموں کے افسران متاثر ہوئے۔
یہ تمام اقدامات چیئرمین سی ڈی اے کی منظوری کے بعد کیے گئے اور متعلقہ افسران کے خلاف رپورٹس وفاقی وزیر داخلہ کو بھی بھیج دی گئی تھیں۔
سی ڈی اے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ادارے میں شفافیت اور بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔