ویب ڈیسک:قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کردیں۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو الزامات ثابت ہونے پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا تھا۔ عمران خان کی نااہلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست زیر سماعت ہے لیکن دوسری جانب نیب نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) عمران خان کی جانب سے بیرون ملک سربراہان مملکت سے ملنے والے تحائف خریدتے وقت ان کی قیمتوں کے غلط تخمینے کے معاملے کی چھان بین کررہا ہے۔
نیب نے معاملے کی تحقیقات کے لئے کابینہ ڈویژن اور سرکاری توشہ خانہ سے تحائف کا ریکارڈ حاصل کرلیا، ڈی جی نیب راولپنڈی توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کی نگرانی کررہے ہیں۔