سٹی 42: گلگت بلتستان کے 6 انتخابی حلقوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہی۔ اس کے علاوہ 2 حلقوں میں آزاد امیدواروں نے کامیابی اپنے نام کی۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حلقہ جی بی اے 4 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے اختر علی، جی بی اے 7 سے توقیر مہدی اور جی بی اے 11 سے اقبال حسن کامیاب قرار پائے ہیں۔
دوسری جانب حلقہ جی بی اے 22 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد ابراہیم ثنائی نے کامیابی حاصل کی۔ آزاد امیدواروں میں جی بی اے 23 سے انور علی اور جی بی اے 24 سے اسد شفیق نے میدان مار لیا۔
ادھر گلگت بلتستان کے دیگر انتخابی حلقوں کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مزید غیر سرکاری نتائج آنے کے بعد مجموعی سیاسی صورتحال مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔