سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں انسدادِ منشیات کے شعبے میں مؤثر رابطہ کاری اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ پولیس ٹریننگ کے لیے بھی باہمی تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے غیرقانونی امیگریشن اور جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کی روک تھام کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے امیگریشن سربراہان کو فوری رابطے کی ہدایت دی جائے گی۔
ملاقات میں جرائم پیشہ عناصر کے نیٹ ورکس، منی لانڈرنگ کی روک تھام اور اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ (جوائنٹ ورکنگ گروپ) قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا، جبکہ ویزا سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔