سٹی 42 : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کو سلام پیش کرتی ہوں۔ عبدالستار ایدھی کی زندگی سکھاتی ہے اگر جذبہ صادق ہو توایک فرد بھی انسانی خدمت کر سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے عبدالستار ایدھی کی 8 ویں برسی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا فخر ہیں،ان کا نام تا قیامت زندہ رہے گا۔ عبدالستار ایدھی جیسے لوگ انسانیت کی معراج اور معاشرے کی خوبصورتی ہیں۔ بر س ہا برس لالچ اور طمع کے بغیر انسانیت کی خدمت عبدالستار ایدھی کی بے مثال انفرادیت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی شخصیت ہر انسان کے لئے قابل تقلید ہے۔ عبدالستار ایدھی کا مقصد فلاح انسانیت تھا، ان کے مشن کو جاری رہنا چاہیے۔ دنیا بھر میں عبدالستار ایدھی کا نام عزت و احترام کی علامت بن چکاہے۔انہوں نے کہا کہ انسانوں کی خدمت کرنے والے کا شمار اللہ تعالی کے پسندیدہ بندوں میں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی روشن شمع سے آج لاکھوں لوگوں کی زندگیاں منور ہو رہی ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی زندگی سماجی خدمتگاروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ پنجاب میں انسانیت کی خدمت کے لئے ہمت کارڈ،راشن کارڈ اوردھی رانی پروگرام جیسے پراجیکٹس لانچ کئے ہیں۔