ریسٹورنٹس مالکان بھی میدان میں آگئے، 18 جولائی کو بڑے احتجاج کا اعلان

ریسٹورنٹس مالکان بھی میدان میں آگئے، 18 جولائی کو بڑے احتجاج کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

گلبرگ (شہزاد خان) لاہور ریسٹورنٹس یونٹی نے بھی انجمن تاجران کی "ہارن بجاؤ، حکمران جگاؤ" تحریک میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

 گلبرگ میں لاہور ریسٹورنٹس یونٹی اور انجمن تاجران کے مرکزی قائدین نعیم میر،عامر قریشی سمیت دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، نعیم میر نے کہاہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، 18 جولائی کو بڑا احتجاج ہوگا، ا س موقع پر سہیل محمود بٹ، میاں خلیل عبیر، میاں ریاض سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

چیئرمین لاہور ریسٹورنٹس یونٹی عامر قریشی نے کہا کہ ریسٹورنٹس کی مسلسل بندش ظالمانہ فیصلہ ہے، حکومت جو بھی ایس او پیز بنائے گی اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

نعیم میر نے کہا کہ حکومت نے معیشت، صنعت اور تجارت کا بیڑا غرق کر دیا جو ایک دکان چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے انہیں ملک سونپ دیا گیا، کیا کاروبار تباہ ہونے پر مرثیہ اورنوحہ نہ پڑھیں؟

انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کا کہنا تھا کہ اس بوسیدہ نظام اور اس کے قاعدوں کو تسلیم نہیں کرتے جو ٹیکس تو مانگتے ہیں مگر نہ ریلیف دیتے ہیں اور نہ کاروبار کرنے دیتے ہیں۔

 دوسری جانب وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ نے 15جولائی کے بعد ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کھولنے کا عندیہ دے دیا لیکن ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹ مالکان گنجائش سے 50 فیصد کم سیٹیں رکھنے کے مجاز ہونگے اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنے کے پابند ہو نگے یہ باتیں انہوں نے راولپنڈی ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیں۔

واضح رہے کہ 24 مارچ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ  ہے، عیدالفطر  پر لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی تھی، مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز  کھول دیئے گئے تھے، ٹرین سروس بھی بحال کردی گئی تھی تاہم شادی ہالز ، ریسٹورنٹس سینما گھر اور تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer