سٹی42: محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندوں (میڈیکل ریپس) کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے مطابق ہسپتال کی حدود میں میڈیکل ریپ کا داخلہ غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل ریپس کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کار ڈاکٹرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
محکمے نے سرکاری ہسپتالوں کے تمام ڈاکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ میڈیکل ریپس سے مکمل طور پر دور رہیں۔ انتظامیہ کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام پروفیسرز اور ڈاکٹرز کو میڈیکل ریپس پر عائد پابندی سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہسپتال کی حدود سے کسی بھی میڈیکل ریپ کے پکڑے جانے کی صورت میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔