ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت سے قبل درخواست گزاروں، مدعا علیہان اور دیگر فریقین کے لیے بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق لاہور ہائیکورٹ اور اس کے تمام بنچز پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت میں درخواستیں دائر کرنے والے افراد، ضمانتی بانڈ جمع کرانے والوں اور تحریری جوابات یا بیانات داخل کرانے والے تمام فریقین کو نادرا سے بائیومیٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔ بغیر بائیومیٹرک تصدیق کے عدالتی کارروائی آگے نہیں بڑھائی جائے گی۔
عدالتی حکام کے مطابق بائیومیٹرک نظام 20 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور اس فیصلے کا مقصد عدالتی کارروائی میں شفافیت، جعلی درخواستوں کی روک تھام اور نظام انصاف کو مزید مؤثر بنانا ہے۔