منظور حسین: مردان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے ٹریفک پولیس نے چنگ چی کو آگ لگادی، پولیس اہلکار آگ لگانے کے بعد فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق باوردی ٹریفک پولیس نے غریب چنگ چی والے کے رکشے کو آگ لگادی، ٹریفک پولیس نے مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر چنگ چی کو نذر آتش کردیا، چنگ چی والوں نے ڈی ایچ کیو کے سامنے روڈ کو بند کردیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مردان ٹریفک پولیس بے جا پرچے دے رہے ہیں ، ڈی پی او مردان نے دو ٹریفک اہلکاروں کو معطل کردیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈی پی او مردان نے رکشہ جلنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غیرجانبدار انکوائری اور قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔
ٹریفک افسر اور رکشہ ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی کے بعد واقعہ پیش آیا،عینی شاہدین کی گواہی پر ٹریفک افسر وقار احمد اور کانسٹیبل شہزاد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ،ایس پی ٹریفک مردان نے واضح کیا کہ قصوروار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔