(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن کی تاریخ کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔
صدر مملکت کی جانب سے لکھےگئے خط میں کہا گیا ہےکہ انتخابات کی تاریخ کافوری اعلان کریں، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔
صدر مملکت کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرے۔
صدرمملکت کی جانب سے خط میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے صوبائی اور عام انتخابات سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کیا جاسکےگا۔
خط میں صدر مملکت نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئےکہا ہےکہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیاں توڑنے کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے پر زور دیتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا ہےکہ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی اور لازمی فرض ہے، آئین کا آرٹیکل 218 (3) الیکشن کمیشن کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانےکا فرض تفویض کرتا ہے، فرائض کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں الیکشن کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائےگا۔