ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے انجینئر مرزا محمد علی کی ایف آئی اے کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات کیخلاف درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ سے جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار انجینئر مرزا محمد علی کی جانب سے درخواست ایڈووکیٹ نبیل جاوید کاہلوں کی وساطت سے دائر کی گئی، جس میں ایف آئی اے اور پنجاب قرآن بورڈ دونوں کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواستگزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے نے بغیر کسی نوٹس اور موقف سنے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ایف آئی اے نے سوشل میڈیا سے ایک پرانی ویڈیو پنجاب قرآن بورڈ کو بھجوائی تاکہ اس پر فتویٰ لیا جا سکے۔ پنجاب قرآن بورڈ نےدرخواستگزار کو “گنہگار” قرار دے دیا۔ پنجاب قرآن بورڈ کو اس نوعیت کے فتوے جاری کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ۔ قرآن بورڈ کا دائرہ اختیار صرف قرآنِ پاک کی طباعت، اشاعت اور متن کی درستی تک محدود ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فتوےکو کالعدم قرار دے اور ایف آئی اے کو حکم دیا جائے کہ درخواست گزار کیخلاف جاری تحقیقات فوری طور پر ختم کی جائیں۔