ویب ڈیسک: آئی ایم ایف کے انتظامی بورڈ کا اجلاس آج ہوگا جس میں پاکستان کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی نئی قسط کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت ایک ارب ڈالر جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار ترقی کے لیے اضافی 20 کروڑ ڈالر کی منظوری پر بحث متوقع ہے۔
آئی ایم ایف نے شرط رکھی تھی کہ بورڈ اجلاس سے قبل پاکستان کرپشن اور گورننس سے متعلق آئی ایم ایف کی تشخیصی رپورٹ جاری کرے، جسے حکومتِ پاکستان پہلے ہی شائع کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اکتوبر میں اسٹاف سطح کا معاہدہ طے پایا تھا، جو 24 ستمبر سے 8 اکتوبر تک کراچی، اسلام آباد اور واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ممکن ہوا۔ مذاکرات میں پاکستان کی مالی کارکردگی، مالیاتی پالیسی، اصلاحات اور موسمیاتی اقدامات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایم ایف مشن پہلے ہی پاکستان کی مجموعی معاشی پیش رفت پر اطمینان ظاہر کر چکا ہے، جبکہ اپنی رپورٹ میں آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک کی سخت مالیاتی پالیسی کو سراہتے ہوئے اسے آئندہ بھی برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے۔