دورِ نایاب: پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ریونیو بڑھانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے میٹرو سسٹمز کے اسٹیشنز پر ان ڈور ایڈورٹائزنگ سپیسز کو لیز پر دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت اورنج لائن ٹرین کے 26 اسٹیشنز پر موجود نمایاں مقامات کو نجی کمپنیوں کے لیے لیز آؤٹ کیا جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق خواہشمند فرموں سے 16 اپریل تک بڈز طلب کر لی گئی ہیں، جبکہ دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندگان کو بڈنگ کے عمل سے متعلق آگاہی کے لیے میٹنگ میں بھی مدعو کیا گیا ہے۔
پلان کے مطابق 26 اسٹیشنز کو دونوں اطراف سے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر حصے کے لیے علیحدہ کیٹگریز مقرر کی گئی ہیں۔ ایک جانب کے لیے اے کیٹگری کا ماہانہ کرایہ 1 لاکھ 32 ہزار، بی کیٹگری 1 لاکھ 8 ہزار جبکہ سی کیٹگری 90 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب کے لیے اے کیٹگری 4 لاکھ 55 ہزار، بی کیٹگری 3 لاکھ 55 ہزار اور سی کیٹگری 2 لاکھ 60 ہزار روپے ماہانہ طے کیے گئے ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بڈ آکشن کے دوران کمپنیاں بنیادی قیمت سے زیادہ بولی دے کر لیز حاصل کر سکیں گی۔ کافی عرصے سے خالی پڑی ان ڈور ایڈورٹائزنگ سپیسز کو فعال بنانے کا مقصد اضافی آمدن حاصل کرنا ہے، جس سے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مالی وسائل میں بہتری آئے گی اور شہری ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔