(جنید ریاض)سکولوں کی بندش، نجی سکول مالکان، تاجر اور وکلا کا لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج، بچوں کو 50 فیصد حاضری کے تحت سکول بلوانے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سکولوں کی بندش کے خلاف نجی سکول مالکان، تاجر اور وکلانےا لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا ہے۔اس موقع پر نجی سکول مالکان اور تاجروں کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ سکولوں کو کسی صورت بند نہیں کریں گے۔ سکول بند ہونے سے ملک بھر میں ساڑھے سات کروڑ طلباءتعلیم کی سہولیات سے محروم ہیں، حکومت پچاس فیصد حاضری کے تحت بچوں کو سکول بلوانے کی اجازت دے، پہلے ہی کاروبار کے حالات برے ہیں، سکول بند ہونے سے یونیفارم ،سٹیشنری اور کاغذ کا کاروبار بھی نقصان میں چل رہا ہے۔
احتجاج مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت کم فیس والے پرائیوٹ سکولز کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کرے، فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث ہزاروں سکول بند جبکہ سات لاکھ اساتذہ بے روزگار ہوچکے ہیں۔ این سی او سی تعلیمی ادارے بند کرنے کی بجائے غیر قانونی سیاسی اجتماعات رکوائے، بصورت دیگر اسلام آباد پہنچ کر اپنا احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رکھیں گےاور مطالبات کی منظوری کیلئے پی ایم ہاﺅس کے باہر وزیر اعظم عمران کا پتلہ بھی نظر آتش کیاجائے گا۔
احتجاج میں آل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن، نیشنل سول سوسائٹی، انجمن تاجران پاکستان، آل پاکستان لائرز فیڈریشن،نیشنل پیرنٹس ایسوسی ایشن شریک تھے۔