ویب ڈیسک: معروف گلوکار اور سماجی کارکن ابرار الحق کے ادارے سہارا فار لائف ٹرسٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کراچی کے ایک معروف شاپنگ مال میں امدادی کیمپ قائم کیا گیا۔ امدادی کیمپ میں شہریوں نے دل کھول کر عطیات دیے اور متاثرین کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
کیمپ میں شہریوں کو سیلاب متاثرین کی مشکلات سے آگاہ کرنے کے لیے لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
سہارا فار لائف ٹرسٹ کے نمائندوں کے مطابق یہ امدادی مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی، جس کا دائرہ کار پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے دیگر متاثرہ علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ ٹرسٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ متاثرین کی بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔