سٹی42: سیرین ایئر کی بندش اور ایئر سیال کی اندرونِ ملک پروازوں کی معطلی نے فضائی سفر کرنے والے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ طیاروں کی کمی کے باعث لاہور سے کراچی سمیت دیگر روٹس پر ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، لاہور سے کراچی کا ایک طرفہ کرایہ 50 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ پی آئی اے کا ارجنٹ ٹکٹ 60 ہزار 760 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ فلائی جناح کا کرایہ 52 ہزار اور ایئر بلیو کا کرایہ 36 ہزار روپے سے بھی اوپر جا چکا ہے۔
تاہم 8 سے 18 اکتوبر کے درمیان کرایے نسبتاً کم ضرور ہیں، لیکن فلائٹس میں سیٹ دستیاب نہیں۔ اس صورتحال نے عام مسافروں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، خاص طور پر ان افراد کو جنہیں ایمرجنسی میں سفر کرنا ہوتا ہے۔
سیرین ایئر کے پاس طیاروں کی کمی کے باعث آپریشن مکمل طور پر معطل ہے۔ایئر سیال نے بھی اپنے دو طیارے گراؤنڈ ہونے کے بعد کراچی کے لیے پروازیں بند کر دی ہیں۔موجودہ صورتِ حال میں پی آئی اے روزانہ 2، فلائی جناح 3 اور ایئر بلیو صرف ایک پرواز کراچی کے لیے آپریٹ کر رہے ہیں۔