ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ طے شدہ قانون سے ہٹ کر ایسی درخواست منظور نہیں کی جا سکتی۔
جسٹس خالد اسحاق نے شہری آصف کھچی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ، درخواستگزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی پاسپورٹ کی تعیناتی میرٹ کے برعکس کی گئی ہے، لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے، وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے تفصیلی جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈی جی پاسپورٹ کی تعیناتی سول سرونٹس قانون میں کی گئی ترمیم کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔سرکاری وکیل نے مزید کہا کہ ترمیمی قانون واضح طور پر وزیراعظم کو اس طرح کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا اختیار دیتا ہے، لہٰذا یہ تعیناتی قانون کے مطابق ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ جب قانون موجود ہو تو رولز ساکت ہوجاتے ہیں، لہٰذا اس بنیاد پر دائر درخواست ناقابلِ سماعت ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔