ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دھواں دینے والی ہیوی ٹریفک کے خلاف فوری کارروائی کی جائے:لاہور ہائیکورٹ

دھواں دینے والی ہیوی ٹریفک کے خلاف فوری کارروائی کی جائے:لاہور ہائیکورٹ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے صوبہ بھر میں ماحولیاتی تدارک کے لیے متعدد اہم احکامات جاری کیے۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ تمام بس اسٹینڈز اور موٹروے کے اطراف دھواں دینے والی ہیوی ٹریفک کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

 جسٹس  شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ” محکمہ ماحولیات کے اسکواڈز دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے سڑکوں پر متحرک نظر آنے چاہئیں“۔ عدالت نے غالب مارکیٹ پارک میں جاری تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے درختوں کے کٹاؤ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ “درخت کیوں کاٹے جا رہے ہیں؟” اور عدالتی معاون کو موقع پر جا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے ڈی جی پی ایچ اے کو عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے اور آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔ اس موقع پر ڈی جی واسا طیب فرید نے شہر میں جاری منصوبوں کی ٹائم لائن عدالت میں پیش کی، جس پر عدالت نے ایل ڈی اے کو واسا سے کوآرڈی نیشن کر کے منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ “واسا نے کئی پراجیکٹس مکمل کر لیے، ایل ڈی اے اپنا کام بھی جلد مکمل کرے”۔ عدالت نے ایل ڈی اے کے نامکمل منصوبوں پر نوٹس جاری کرنے اور افسران کو سات روز کی مہلت دینے کا حکم دیا، بصورت دیگر جرمانے کی تنبیہ کی گئی۔سماعت کے دوران ماحولیاتی کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مناواں کا 15 کنال پارک گراؤنڈ پی ایچ اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے  ریمارکس دئیے کہ “میں نے خود دن کی روشنی میں درخت کٹتے دیکھے ہیں، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔”ماحولیاتی کمیشن نے عدالت کو بتایا  کہ  شہر کے 24 پارکوں پر تجاوزات قائم ہیں، جس پرعدالت نے مزید ہدایت کی کہ ماحولیاتی کمیشن، ڈی سی لاہور کے ساتھ میٹنگ کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔سماعت کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز، ڈی جی واسا طیب فرید، اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔کیس کی مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

Ansa Awais

Content Writer