سٹی 42 : جیکب آباد میں پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران گٹکا اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
تھانہ صدر پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے دو مختلف گاڑیوں سے بھاری مقدار میں مضرِ صحت آداب اور زیڈ ٹوئنٹی ون گٹکا برآمد کرلیا۔ پولیس نے شمبے شاہ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران مشتبہ گاڑیوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم بائی پاس پکٹ نمبر نو کے قریب دونوں گاڑیوں کو روک لیا گیا۔
کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے دو سو اٹھارہ کلو پانچ سو گرام زیڈ ٹوئنٹی ون گٹکا جبکہ بغیر رجسٹرڈ ہونڈا سوک سے ایک سو بہتر کلو پانچ سو گرام آداب گٹکا برآمد کیا گیا، برآمد ہونے والے گٹکے کا مجموعی وزن تین سو اکانوے کلوگرام بتایا جا رہا ہے۔
اسمگلنگ میں ملوث دو ملزمان محمد طاہر اور شیر محمد مندرانی کو گرفتار کرکے گاڑیاں تحویل میں لے لیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔