ویب ڈیسک:پاکستانی آٹو مارکیٹ میں کراس اوور گاڑیوں کے بڑھتے رجحان کے پیشِ نظر سوزوکی نے اپنی نئی گاڑی " فرونکس" کو باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔
آٹو انڈسٹری ماہرین کے مطابق پاکستان میں ایس یو وی اور کراس اوور گاڑیوں کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث مختلف کمپنیاں نئی گاڑیاں متعارف کروا رہی ہیں۔ اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے سوزوکی نے بھی فرونکس کے ذریعے اس سیگمنٹ میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے۔
سوزوکی فرونکس کو پاکستان میں چار مختلف ویرینٹس میں لانچ کیا گیا ہے:
Fronx GL MT (پٹرول) — 59 لاکھ 99 ہزار 999 روپے
Fronx GL AT (پٹرول) — 60 لاکھ 99 ہزار 999 روپے
Fronx GLX 6AT (مونو ٹون، مائلڈ ہائبرڈ) — 62 لاکھ 99 ہزار 999 روپے
Fronx GLX 6AT (ٹو ٹون، مائلڈ ہائبرڈ) — 63 لاکھ 74 ہزار 999 روپے
کمپنی نے فرونکس کو بی-سیگمنٹ کراس اوور کے طور پر پیش کیا ہے، جبکہ اسے جدید XUV کی کیٹیگری میں مارکیٹ کیا جا رہا ہے۔ یہ گاڑی سوزوکی سوِفٹ سے اوپر جبکہ ہنڈا HR-V اور ٹویوٹا کرولا کراس جیسے بڑے ماڈلز سے نیچے رکھی گئی ہے۔
پاکستانی مارکیٹ میں فرونکس کا مقابلہ کِیا اسٹونک، ہنڈا HR-V اور جیکو J5 سمیت دیگر کراس اوور گاڑیوں سے متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق گاڑی کی کامیابی کا انحصار اس کی قیمت، فیول ایوریج، جدید فیچرز اور آفٹر سیلز سروسز پر ہوگا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فرونکس کی لانچنگ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان میں صارفین کی دلچسپی اب روایتی ہیچ بیک گاڑیوں سے ہٹ کر جدید کراس اوورز اور ایس یو ویز کی جانب بڑھ رہی ہے۔