شہریوں کی جان کو خطرہ، ویکسین کا سٹاک ختم

Corona Vaccine
کیپشن: Corona Vaccine
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زاہد چوہدی: بزرگ شہریوں کو لگائی جانے والی سنگل ڈوز کورونا ویکسین کین سائنو کا سٹاک ختم ہوگیا۔ چین سے ملنے والی ویکسین سائنو ویک بھی ختم ہوگئی ، محکمہ پرائمری ہیلتھ کے پاس صرف دو خوراکوں پر مشتمل سائنو فام ویکسین کا محدود سٹاک رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق  چین سے عطیہ میں ملنے والی ویکسین کے ذریعے سرکاری سطح پر شہریوں کی ویکسینیشن کی جارہی ہے ۔ عطیہ میں ملنے والی سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کا سٹاف ختم ہوگیا ہے ۔ کین سائنو ویکسین ایک ہی خوراک پر مشتمل ہونے کی وجہ سے 60 برس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو لگائی جارہی تھی تاہم اب اس کا سٹاک مکمل ختم ہوگیا ہے ۔

اس کے علاوہ چین سے عطیہ میں ملنے والی دوسری ویکسین سائنو ویک کا سٹاک بھی ختم ہوگیا ہے۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کے پاس چین سے عطیہ میں ملنے والی ویکسین سائنو فام کا محدود سٹاک میسر ہے ۔ پنجاب کو سنگل خوراک پر مشتمل چینی ویکسین کین سائنو کی 30 ہزار خوراکیں ملی تھیں جو ختم ہونے پر اب بزرگ شہریوں کو بھی دو خوراکوں پر مشتمل ویکسین لگائی جارہی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران کیسز اور اموات میں اضافہ بتدریج جاری ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا وائرس میں مبتلا مزید 37 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں اور 996 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔ کورونا وائرس کے مریضوں کا دباو ہسپتالوں میں معمولی کم ہوا ہے ۔

مجموعی طور پر 1015 مریض داخل ہیں جن میں سے 641 کورونا وائرس کے کنفرم اور 374 مشتبہ مریض شامل ہیں ۔ کورونا وائرس کے 220 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹیلیٹر پر زیر علاج رکھا گیا ہے ۔ ہسپتالوں کے کورونا آئی سی یوز میں 73 فیصد بیڈز پر مریض داخل ہیں ۔