ویب ڈیسک:پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال حالیہ دنوں اپنی شادی اور ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی کارروائی کے باعث توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں حمزہ حبیب کے ساتھ نکاح کیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خاصی مقبول رہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں مومنہ اقبال کی بہن اور قانونی نمائندہ رمشا اقبال نے شادی سے متعلق زیرِ گردش خبروں اور قانونی معاملے پر تفصیلات بیان کیں۔ ان کا کہنا تھا ک نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج ہونا خاندان کے لیے اطمینان کا باعث ہے۔
رمشا اقبال کے مطابق اس پیش رفت میں اہم کردار ان شواہد کا تھا جو بروقت اور مستند انداز میں متعلقہ اداروں کو فراہم کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ثاقب چدھڑ کے پاس مومنہ اقبال کی کوئی نجی ویڈیوز موجود نہیں ہیں، بلکہ ان پر الزام ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی ویڈیوز تیار کرکے انہیں سوشل میڈیا پر پھیلانے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔
شادی کی تقریبات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے رمشا اقبال نے کہا کہ اب تک منعقد ہونے والی تمام تقریبات نکاح کی خوشی میں رکھی گئی تھیں، جبکہ مومنہ اقبال کی رخصتی رواں سال نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جاری قانونی تنازع کے باعث مومنہ اقبال ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہی تھیں، جس کے پیش نظر اہلِ خانہ نے خوشی کے لمحات بانٹنے اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا، جبکہ رخصتی کی تقریب بعد میں ہوگی۔