ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گوالیار میں 6 بدمعاشوں نے ایک نوجوان کو لوہے کی راڈ اور ڈنڈوں سے حملہ کرکے قتل کر دیا۔ اس نوجوان نے مبینہ طور پر ایک گائے کو ڈنڈا مارا تھا۔ نوجوان پر ہونیوالے اس ظلم کی کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ظلم و بربریت کا یہ واقعہ 3 جولائی کی شب پیش آیا۔ گوالیار پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونیوالے شخص کا نام دنیش عرف راکی جبکہ اسکی30 سال ہے۔ گائے کو پیٹنے کے الزام میں نوجوانوں نے دنیش کو گھیر کر مارا۔ 4 جولائی کی صبح خون میں شرابور اس کی لاش پر لوگوں کی نظر پڑی۔ جب اس واقعہ کی ویڈیو سامنے آئی، تو اس میں دیکھا گیا کہ 6 بدمعاشوں میں ایک نابالغ لڑکا بھی شامل ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واردات سے پہلے بھیرو بابا مندر کے پاس گائے پر حملہ کرنے سے متعلق دنیش اور ملزمان کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ تنازعہ بڑھنے پر ملزمان نے اس کا پیچھا کیا، اور پھر سریا اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔شدید زخمی دنیش کسی طرح اپنے گھر تک پہنچا، لیکن گھر کے دروازے کے باہر ہی گر پڑا،ہفتہ 4 جولائی کی صبح جہانگیر کٹرا واقع پٹیل دھرمشالہ کے پاس دنیش سنگھ کی لاش اس کے گھر کے باہر سڑک پر پڑی ملی۔
دنیش سنگھ کے جسم اور چہرے پر سنگین چوٹوں کے نشان تھے۔ خبر ملنے پر پولیس وہاں پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس جائے وقوع کا جائزہ بھی لیا۔ دنیش سنگھ کے قتل کی 25 سیکنڈ پر مشتمل جو ویڈیو سامنے آئی ہے، اس میں دکھائی دے رہا ہے کہ رات تقریباً 1.25 بجے 6 نوجوان دنیش کو گھیر کر مار رہے ہیں۔ یہ ویڈیو پولیس کو جائے وقوع کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ملی۔ فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کی گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 جولائی کو 5 ملزمان کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ انھیں اندازہ نہیں تھا کہ مار پیٹ کی وجہ سے اس کی موت ہو جائے گی،مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش میں گائے کو ڈنڈا مارنے کے معاملہ پر تنازعہ کی بات سامنے آئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر 5 ملزم کی گرفتاری ہوئی ہے۔ ایک ملزم فرار بتایا جا رہا ہے۔