ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نکول کڈمین اور گلوکار کیتھ اربن نے راہیں جدا کرلیں

نکول کڈمین اور گلوکار کیتھ اربن نے راہیں جدا کرلیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :معروف ہالی ووڈ اداکارہ نکول کڈمین اور مشہور گلوکار کیتھ اربن نے تقریباً دو دہائیوں پر محیط اپنی شادی کو قانونی طور پر ختم کر دیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق جوڑے نے باہمی رضامندی سے طلاق کے تمام معاملات طے کر لیے ہیں، 58 سالہ نکول کڈمین اور کیتھ اربن نے اپنی دو بیٹیوں سنڈے روز (17 سال) اور فیتھ مارگریٹ (15 سال) کی تحویل سے متعلق معاملات بھی طے کر لیے ہیں۔
 بچوں کی بنیادی تحویل نکول کڈمین کے پاس رہے گی جو سال میں 306 دن اپنی بیٹیوں کے ساتھ گزاریں گی جبکہ کیتھ اربن کو ہر دوسرے ہفتے کے آخر میں بچوں سے ملاقات کا حق حاصل ہوگا، دونوں والدین میں سے کوئی بھی بچوں کے اخراجات ادا نہیں کرے گا کیونکہ عدالتی معاہدے میں درج ہے کہ دونوں کی ماہانہ آمدن 100 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔
سابق جوڑے نے اپنے اثاثے بھی باہمی رضامندی سے تقسیم کر لیے ہیں، جس کے تحت ہر فریق اپنے زیرِ استعمال جائیداد، سرمایہ کاری، بینک اکاؤنٹس، گاڑیاں، گھریلو اشیاء اور ذاتی سامان اپنے پاس رکھے گا،اس کے علاوہ دونوں نے الیمونی اور ازدواجی اخراجات کے تمام دعوے بھی ختم کر دیے ہیں اور قانونی اخراجات خود برداشت کرنے پر اتفاق کیا ہے،تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ان کے درمیان شادی سے قبل کوئی پری نَپچوئل معاہدہ prenuptial agreement موجود تھا یا نہیں۔

دونوں کی علیحدگی کی خبریں پہلی بار ستمبر 2025 میں سامنے آئی تھیں،نکول کڈمین نے 30 ستمبر 2025 کو ناقابلِ مصالحت اختلافات کی بنیاد پر طلاق کی درخواست دائر کی تھی، جبکہ اطلاعات کے مطابق دونوں موسمِ گرما 2025 کے آغاز سے الگ رہ رہے تھے۔
واضح رہے کہ نکول کڈمین اور کیتھ اربن کی پہلی ملاقات جنوری 2005 میں ہوئی تھی اور ایک سال بعد دونوں نے شادی کر لی، اس سے قبل نکول کڈمین کی شادی اداکار ٹام کروز سے 1990 سے 2001 تک رہی تھی۔