ووٹ پر ڈاکا ڈالا توپھر ایسا پیچھا کروں گا کہ وہ عمران خان کو بھول جائیں گے: بلاول

Bilawal Bhutto, Larkana, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر میرے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور چھیڑ چھاڑ ہوئی توپھر  ایسے پیچھا کروں گا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو بھول جائیں گے۔  

لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  پرانے سیاستدان آج تک سیاست میں ہیں، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں دیتے، ان لوگوں نے سیاست کو سیاست نہیں بلکہ گالی بنا دیا ہے۔

بلاول بھٹو جب جلسہ گاہ میں آئے تو ان کا استقبال وزیر اعظم بلاول کے نعروں سے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پورا ملک مایوس ہے کیا یہ ہماری قسمت میں ہے کہ ان کی شکلیں دیکھنی ہیں، پرانے سیاستدانوں کی ضد اور انا کی وجہ سے معیشت کو نقصان ہوا ہے، ان لوگوں نے اپنی ضد کی وجہ سے معیشت، ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔ 
بلاول بھٹو نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص چوتھی بار ملک کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، یہ لوگ پاکستان کے عوام کو بےوقوف بنانا چاہتے ہیں، عوام ان کو اور ان کے طریقہ کار کو پہچانتے ہیں، اگر ان میں سے کوئی جیت گیا تو پھر یہ دھرنا سیاست شروع کردیں گے، یہ لوگ جیت گئے تو عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی مخالفین کو پکڑیں گے۔

 چیئرمین بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم یہ" فلم"  تین بار دیکھ چکے ہیں. پہلی مرتبہ جب یہ شخص وزیراعظم بنا تو ان ہی سے لڑ پڑا جنہوں نے اس کو وزیراعظم بنایا، اس شخص نے دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد امیرالمومنین بننے کی کوشش کی، یہ شخص دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد بھی ان ہی سے لڑ پڑا جنہوں نے اس کو وزیراعظم بنوایا۔

 نا صرف تیار ہوں بلکہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کیلئے بہترین پوزیشن میں بھی ہوں،  
 

بلاول بھٹو نے کہا کہ ریٹرننگ افسروں کے الیکشن کے ذریعے یہ شخص تیسری بار مسلط کیا گیا، اس شخص نے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد ان ہی لوگوں سے پنگا لیا جنہوں نے اس کو بنایا۔  اب یہ شخص چوتھی بار اپنے آپ کو مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ شخص ابھی سے تاثر دے رہا ہے کہ 8 فروری کو نہیں ابھی سے یہ وزیراعظم ہے۔ یہ شیر عوام کا خون چوستا ہے۔میاں صاحب کے حالات بہت ہی پتلے ہیں۔  پختونخوا میں میاں صاحب تو اپنی سیٹ ہی ہار رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی امیروں کی ترقی کی نہیں عوام کی ترقی کی بات کرتی ہے۔ انتخابی مہم میں پورے ملک کا دورہ کیا، ملک بھر میں مہم چلانے کے بعد آج اپنے گھر واپس آیا ہوں، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پاکستان میں ترقی ہوتی ہے، پاکستان پوری مسلم امہ کی قیادت کرتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے ساتھ وفاداری نبھانے پر لاڑکانہ کے عوام کا شکر گزار ہوں۔ لاڑکانہ کے عوام نے جس طرح میرے خاندان اور پارٹی کا ساتھ نبھایا ہے پوری دنیا میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ جب لاڑکانہ کا وزیراعظم بنتا ہے تو چھوٹے تاجر بھی ترقی کرتے ہیں۔ بڑے عرصے سے ملک نے لاڑکانہ کا وزیراعظم نہیں دیکھا۔

بلاول کے جلسہ میں عورتوں  اور بچیوں کا بہت بڑا  ہجوم

لاڑکانو  میں  بلاول بھٹو کے جلسہ میں عورتوں اور بچیوں کی بہت بڑی تعداد شریک تھی۔ جلسہ گاہ کا بہت بڑا حصہ ہر عمر کی عورتوں، بچیوں سے بھرا ہوا تھا۔