انتظامیہ حرکت میں آگئی ،پنجاب بھر میں مانیٹرنگ کا فیصلہ

انتظامیہ حرکت میں آگئی ،پنجاب بھر میں مانیٹرنگ کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قیصر کھوکھر:چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا  اجلاس ہوا ۔اجلاس میں اشیاء خورونوش کی قیمتیں اورسٹاک کی مانیٹرنگ،ناجائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے انتظامی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔



اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری،خوراک،زراعت،صنعت اوراطلاعات کےمحکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز،کمشنر لاہور ڈویژن،چیئرمین پی آئی ٹی بی اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نےشرکت کی،تمام کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کےذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی مارکیٹ کمیٹیوں کےافسران کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا،سیکرٹری انڈسٹریزنےبریفنگ دی کہ جنوری میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نےصوبےمیں دو لاکھ اٹھارہ ہزار تین سو پچھترمقامات کی انسپیکشن کی،ناجائز منافع خوری پر5کروڑ8لاکھ54ہزار روپے کے جرمانے،788مقدمات کا اندراج اور 744افراد کو گرفتار کیا گیا،چیف سیکرٹری کوبتایا گیا کہ آ ن لائن ڈلیوری سسٹم کیلئےلاہور میں دو،راولپنڈی میں دو،ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ایک ایک کمپنی کوہائرکیا گیا ہے،آن لائن ڈلیوری سسٹم کےتحت صارفین کو سستی اور معیاری اشیاء گھر کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام انتظامی افسر شوگر ملوں کےسٹاک کی نقل و حمل اورسپلائی کے مراحل کو پوری طرح مانیٹر کریں،ذخیراندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،ضبط شدہ سٹاک کوفوری طور پرمارکیٹ ریٹ پرفروخت کرنے کا حکم بھی دیاگیا۔

یاد رہے  مارکیٹوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے فعال نہ ہونے سے صارفین کو  مشکلات کا سامنا ہے،گرانفروش اور ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے آٹا،چینی اور سبزیوں کی قیمتوں میں خود ساختۃ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کے دورہ کے موقع پر صوبائی وزرا کے اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے خصوصی ہدایت دی تھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور چیف سیکرٹری میجر(ر)اعظم سلیمان کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے صوبۂ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer