پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زائد المیعاد اشیاء کیخلاف بڑی کارروائی

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زائد المیعاد اشیاء کیخلاف بڑی کارروائی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمران یونس ) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 4 کولڈ سٹوریج میں رکھی 24 ہزار کلو زائد المیعاد اشیاء برآمد کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ویجیلنس اور آپریشن ونگ نے وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور ڈی جی فوڈ کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں رائے ونڈ میں بڑی کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران فوڈ ٹیموں نے کولڈ کرافٹ کولڈ سٹوریج سے 2 سال پرانی 1200 کلو زائد المیعاد مکئی، 190 کلو قیمہ اور پائے برآمد کیے۔ اسی طرح سوینیئر کولڈ سٹوریج سے 1600 کلو جانوروں کی باقیات، 800 کلو مرغی کا گوشت برآمد کر کے تلف کر دیئے گئے۔ چینی کی تیاری کے لیے رکھی گئی 20 ہزار کلو گلی سڑی شکرقندی بھی قبضہ میں لیکر تلف کردی گئی۔

بھو بھتیاں چوک پر کارساز پروٹین کی پروڈکشن اور سیل بند کر دی گئی۔ پولر کولڈ سٹوریج کی پروڈکشن اصلاح تک بند رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے 600 کلو مرغی کا گوشت تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف جنگ کامیابی تک جاری رہے گی۔

وزیر خوراک اور ڈی جی فوڈ نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں کونٹیک کولڈ سٹوریج کو 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔