ٹاؤن شپ کے علاقے میں دھماکہ

ٹاؤن شپ کے علاقے میں دھماکہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) ٹاؤن شپ کے علاقے کالج روڈ پر دھماکہ، ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

ٹاؤن شپ، کالج روڈ پر ایئر کنڈیشنر کی دکان کے قریب زور دار دھماکہ ہوا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔  22 سالہ حافظ محمود ولد خورشید جاں بحق جبکہ زخمی ہونے والوں میں 25 سالہ احسان ولد عنایت اللہ، 20 سالہ عبدالغفار ولد عبدالرزاق، 22 سالہ ابوبکر ولد شفیق، 60 سالہ محمد آفاق ولد اشفاق شامل ہیں جبکہ 30 سالہ محمد اسلم ولد ابراہیم اور دلشاد ولد شاہد بھی دھماکے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ جناح ہسپتال زیر علاج زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے اے سی مکینک حافظ محمود اے سی کی کٹ لگا رہا تھا کہ بلاسٹ ہوگیا۔  پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور فرانزک کی ٹیمیں واقعے کی جگہ پر موجود ہیں،  ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی نے ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کو کمپریسر دھماکہ قرار دے دیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کمپریسر پھٹنے کے کچھ حصے ملے ہیں جبکہ کسی قسم کا بارودی مواد نہیں ملا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹس آنے کے بعد ہی مزید حقائق واضح ہوں گے۔ 

ایم پی اے نذیر چوہان نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوس ناک واقع پیش آیا ہے، ایسا نہیں لگتا یہ کسی کا ٹارگٹ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق حافظ محمود کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نذیر چوہان نے جناح ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی، تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔