ویب ڈیسک: عالمی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری رہا، جس کے باعث قیمتی دھات رواں سال جنوری کے بعد اپنی بہترین ہفتہ وار کارکردگی کی جانب بڑھ رہی ہے۔
مالیاتی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکا کی جولائی کی نان فارم پے رولز رپورٹ پر مرکوز ہیں، کیونکہ اس کے نتائج امریکی مرکزی بینک کی آئندہ مانیٹری پالیسی کے حوالے سے اہم سمجھے جا رہے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی اونس نرخ 4 ہزار 262.39 ڈالر تک جا پہنچے۔ گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران سونا سات ہفتوں کی بلند ترین سطح بھی عبور کر گیا، جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر اس کی مجموعی قیمت میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ اسی دوران امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.5 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 321.50 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتے رہے۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کے امکانات مضبوط ہونے اور توانائی کی عالمی قیمتوں میں نسبتاً استحکام آنے سے مہنگائی کے خدشات میں کمی آئی ہے، جس نے سرمایہ کاروں کی دلچسپی سونے کی جانب بڑھا دی۔ دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع جلد اپنے اختتام کو پہنچ سکتا ہے، جس سے عالمی مالیاتی منڈیوں میں اعتماد بہتر ہوا ہے۔
سرمایہ کار اب امریکا کی جولائی کی نان فارم پے رولز رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، کیونکہ اس سے فیڈرل ریزرو کے آئندہ شرح سود کے فیصلوں کا اندازہ لگایا جائے گا۔ تازہ تخمینوں کے مطابق ستمبر میں شرح سود میں اضافے کے امکانات کم ہو کر تقریباً 55 فیصد رہ گئے ہیں، جبکہ ایک ہفتہ قبل یہ شرح 63 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی مجموعی طور پر بہتری دیکھی گئی۔ چاندی 1.3 فیصد اضافے کے بعد 62.27 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.5 فیصد اضافے سے 1 ہزار 737.25 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جبکہ پیلیڈیم معمولی کمی کے باوجود 1 ہزار 368.37 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتا رہا۔ تاہم ہفتہ وار بنیاد پر تینوں دھاتوں نے مجموعی طور پر مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔