سٹی42: پنجاب کریکیولم اینڈ ٹیکسٹ بُک اتھارٹی (پیکٹا) مسلسل مالی بحران کی زد میں آ گئی ، جس کے باعث ریٹائرڈ ہونے والے 6 ملازمین گزشتہ 9 ماہ سے اپنی پنشن اور واجبات سے محروم ہیں۔
متاثرہ ملازمین میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ انوار ساجد، لائقہ خانم، سپرنٹنڈنٹ اشتیاق، دفتری نفیس الحسن، اور درجہ چہارم کے سخاوت اور مبین احمد شامل ہیں، جنہوں نے دسمبر اور جنوری میں اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ لی تھی۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ہم نے پوری زندگی ادارے کو دی اور اب بڑھاپے میں پنشن اور واجبات سے محروم کر دیا گیا ہے، اگر ادائیگی نہ کی گئی تو ہم خودکشی جیسے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔
ملازمین نے پیکٹا کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے فوری واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پیکٹا حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ادارے کے پاس فنڈز کی کوئی کمی نہیں، جلد معاملات حل کر لیے جائیں گے۔