عابد چودھری:شہر کے مختلف علاقوں میں جاری بارش کے دوران ٹریفک پولیس شہریوں کی مدد کے لیے متحرک ہے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے باوجود ٹریفک وارڈنز اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام ٹریفک وارڈنز بارش کے دوران شہریوں کی بھرپور مدد کو یقینی بنائیں، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق تمام لفٹرز اور بریک ڈاؤن گاڑیاں نشیبی سڑکوں پر تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ اس کے علاوہ تمام سرکل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مصروف اور نشیبی شاہراہوں پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے دوران الیکٹرک تنصیبات، کھمبوں اور پولز سے دور رہیں اور محتاط ہو کر ڈرائیونگ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔