شاہی قلعہ کے اطراف کو اصل حالت میں بحال کرنے کا فیصلہ

شاہی قلعہ کے اطراف کو اصل حالت میں بحال کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راوی روڈ (ریحان گل)   شاہی قلعہ کے اطراف کے علاقے کی بحالی کا معاملہ، رم مارکیٹ کو ختم کرنے کا تنازع حل ہوگیا، والڈ سٹی اتھارٹی اور تاجروں کے مابین معاملات طے پا گئے،تاجروں کوکالا شاہ کاکو جی ٹی روڈ پرجگہ دی جائے گی۔

  والڈ سٹی اتھارٹی نے شاہی قلعہ کے اطراف کے علاقے کو بفرزون ڈیکلیئر کرتے ہوئے اصل حالت میں بحال کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، تاہم قلعہ کے عقب میں موجود رم مارکیٹ ختم کرنے کے معاملے پرتاجروں اوراتھارٹی کے مابین ڈیڈ لاک موجود تھا۔

ذرائع کے مطابق فریقین کے مابین طویل عرصہ سے موجود تنازع حل ہوگیا ہے، تاجروں نے شاہی قلعہ کے عقب سے رم مارکیٹ منتقل کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے تاجروں کو کالا شاہ کاکوجی ٹی روڈ پرزمین فراہم کی جائے گی، رم مارکیٹ کے ساتھ ہی بادامی باغ سے ٹرک اڈہ بھی کالا شاہ کاکو منتقل کردیا جائے گا۔

یادرہے کہ قلعہ لاہور جسے شاہی قلعہ بھی کہا جاتا ہے، لاہور کی شاندار عمارتوں میں سے ایک ہے، اس کی ازسرِنو تعمیر مغل بادشاہ اکبر اعظم (1556ء تا 1605ء) نے کروائی، قلعے کے اندر واقع چند مشہور مقامات میں شیش محل، عالمگیری دروازہ، نولکھا محل اور موتی مسجد شامل ہیں، شاہی قلعہ 1100 فٹ طویل جبکہ 1115 فٹ وسیع ہے، شاہی قلعہ کے عقب میں 106 رم کی دکانیں اور314 جوتوں کی دکانیں موجود ہیں، قلعہ لاہور دیکھنے کیلئے ہر روز ہزاروں لوگ آتے تھے، لیکن اب کورونا وائرس کے باعث تاریخی عمارت کو سیاحوں کیلئے بند کردیا گیا۔

کورونا وائرس سے ملک بھر میں اب تک 52 افراد ہلاک جبکہ 3755 افراد مہلک وائرس کا شکار بن چکے ہیں،کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے،تجارتی مراکز، مارکیٹیں، سینما گھر،  شاپنگ مالز ، تفریحی مقامات بند ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer