سٹی 42: پاکستان کے دورے پر آئے ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کی وزارت داخلہ آمد ہوئی، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پرتپاک استقبال کیا۔
ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایانے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی،ملاقات میں پاک تعلقات ترکیہ، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ، بارڈر سیکیورٹی، سائبر کرائم، کوسٹ گارڈاور پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے مابین تعاون کو مزید فعال کرنے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ورکنگ گروپ ہر سال چار مرتبہ ملاقات کرے گا۔ دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔
ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی ترکیہ کی سیکیورٹی سے الگ نہیں ہے۔
ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے پاکستان کے انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں فعال کردار کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن ایک بین الاقوامی مسلہ ہے، اس کے سدباب کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا۔
پاکستان کی جانب سے انٹر پول کے انتخابات میں ترکیہ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیاگیا۔ملاقات میں انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود قابل ستائش کام کر رہی ہے، گزشتہ پانچ سال میں پاکستان سے ترکیہ منشیات سمگلنگ کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین پولیس ٹریننگ کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ترکیہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں تعلقات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔ ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ۔
ترکیہ کے وفد کے ارکان، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، ڈی جی اے این ایف، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ این پی اے، آئی جی ایف سی، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی این سی سی آئی اے، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔