ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یونان کشتی حادثہ میں گرفتار ملزم کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت منظور

یونان کشتی حادثہ میں گرفتار ملزم کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت منظور
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے یونان کشتی حادثہ میں گرفتار ملزم محمد اسلم کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے تفتیشی عمل میں سنگین خامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کی تفتیش پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔
 چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ملزم محمد اسلم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ،سماعت کے دوران ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ محمد بن اشرف اور ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کیس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی، تاہم چیف جسٹس عالیہ نیلم ان کے جوابات سے مطمئن نہ ہوئیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ “آپ کے تفتیش کے ایس او پیز کیا ہیں؟ کیا آپ نے مدعی اور گواہوں کے بیانِ حلفی لیے؟”ڈائریکٹر ایف آئی اے نے جواب دیا کہ “قانون میں بیانِ حلفی لینا ضروری نہیں ہے۔”اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ “عدالت کو آپ کے ایس او پیز کا علم ہے، آپ اپنے ہی قواعد پڑھ لیں۔” چیف جسٹس  نے  ڈائریکٹر ایف آئی اے سے مکالمہ کرتے ہوئے مزید استفسار کیا کہ “رقم جو ملزم کو دی گئی، اس کی تاریخ ریکارڈ میں کہاں درج ہے؟”ڈائریکٹر ایف آئی اے جواب نہ دے سکے اور تسلیم کیا کہ رقم دینے کی تاریخ ریکارڈ پر موجود نہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے مزید سوال کیا کہ “اتنے اہم کیس میں کیا آپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے ہائر اتھارٹی سے فوری ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت لی؟ کیا بغیر انکوائری ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت ملی تھی؟”
ڈائریکٹر ایف آئی اے اس حوالے سے بھی عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کے تفتیشی افسر نے کیس کی بنیاد ہی نہیں رکھی۔ کیا آپ نے یونان حادثے میں زندہ بچ جانے والے 47 افراد کو ان دو لاپتہ افراد کی تصاویر تصدیق کے لیے بھیجی تھیں؟ اگر وہ زندہ بچ گئے تھے تو وہ تصدیق کر سکتے تھے کہ لاپتہ افراد ان کے ساتھ سفر میں شامل تھے یا نہیں۔”دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ کی تفتیش میں سنگین خامیاں ہیں، اور موجودہ شواہد کی بنیاد پر مزید حراست کا جواز نہیں بنتا۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم محمد اسلم کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔

Ansa Awais

Content Writer