سٹی42: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سسٹم کو مزید ڈیجیٹل اور شفاف بنانے کے لیے اہم پیشرفت کرتے ہوئے انکم ٹیکس رولز میں نئی ترمیم کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔
نئی تجاویز کے تحت ہر فرد کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ اپنا انکم ٹیکس ریٹرن اور ودہولڈنگ اسٹیٹمنٹ صرف الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے فائل کرے۔
ایف بی آر نے عوام کو موقع دیا ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر ترمیمات یا تجاویز پیش کریں، جنہیں غور و فکر کے بعد حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت، درست ڈیٹا کی فراہمی، نگرانی اور ٹیکس کمپلائنس کو بہتر بنانا ہے۔
حتمی منظوری کے بعد تمام انفرادی فائلرز کے لیے آن لائن ریٹرن جمع کرانا لازمی ہوگا، تاکہ ٹیکس نظام میں جدیدیت اور مؤثر انتظام ممکن ہو سکے۔