موسم کی انگڑائی نے گرمی کو مات دیدی، شہری خوشی سے جھوم اُٹھے

موسم کی انگڑائی نے گرمی کو مات دیدی، شہری خوشی سے جھوم اُٹھے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) لاہور شہر میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، وقفے وقفے سے جاری بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی نوید سنا دی۔

شہر لاہور پر قدرت مہربان ہوگئی اوربادلوں نے سورج کو چھپا لیا،کالی گھنگھور گھٹاؤں نے فضا میں بیسرا کرلیا، بارش سے موسم بھیگا اور نشیلا ہوگیا، ہر چیز جیسے نہا کے نکھر گئی ہو، حبس کا خاتمہ ہوگیا، گرمی سے مرجھائے شہریوں کے چہرے بھی کھل اُٹھے ہیں، گل وگلزار پربھی شادابی چھاگئی۔ چھٹی کے روز شہریوں نےخوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیر سپاٹوں کا پروگرام بنا لیا۔

اتوار کی چھٹی اور خوبصورت موسم سے لاہوری فائدہ نہ اٹھائیں ایسا ہو نہیں سکتا، ایسے موسم میں کون گھر پر ناشتہ کرنے کو پسند کر ےگاتبھی تو شہریوں نے باہر سے ناشتہ کرنے کو ترجیح دی اور پہنچ گئے اہل خانہ اور دوست احباب کے ہمراہ لبرٹی، جہاں مرغ چنے ، نہاری ، حلوہ پوری اور بونگ پائے سے ناشتہ کیا۔شہریوں نے کہا کہ موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھر والوں کے ساتھ ناشتہ کرنے آئے ہیں تاکہ ایک دن معمول میں تبدیلی لاسکیں۔

لیسکو نے ابر رحمت کو زحمت بنا دیا، بارش سے لیسکو کے 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں ،  کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، لیسکو کے دفاتر میں شکایات کے انبار لگ گئے ہیں لیکن بجلی ٹھیک کرنے کیلئے عملہ  ہی موجود نہیں ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، ہوا 29 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ نمی کا تناسب 40فیصد ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔