ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سپلائی بحال نہ ہونےکی صورت میں پیر سے پیٹرول پمپس بند ، ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبر دار کر دیا

سپلائی بحال نہ ہونےکی صورت میں پیر سے پیٹرول پمپس بند ، ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبر دار کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی جلد بحال نہ ہوئی تو پیر سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری عرفان الٰہی نے کہا کہ ملک میں پیٹرول کی سپلائی تقریباً 50 فیصد تک گر چکی ہے جبکہ ڈیزل کی فراہمی صرف 20 فیصد رہ گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شدید مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

لاہور کے صدر جہانزیب ملک اور وسطی پنجاب کے صدر نعمان مجید نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریٹیل آؤٹ لیٹس کو پیٹرول کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 انہوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معائنے کے نام پر سپلائی ڈپوؤں کے بجائے پیٹرول پمپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور بعض نجی کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کر کے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

یاد رہے کہ آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ محدود سپلائی کی وجہ سے وہ عوام کی طلب پوری کرنے میں ناکام ہیں۔

تاہم، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ڈیلرز کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور قبل از وقت درآمدات کے باعث پاکستان کے پاس تقریباً 28 دنوں کی کھپت کے لیے کافی پیٹرول موجود ہے، لہٰذا کسی قسم کے بحران سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔