ندیم افضل چن کی بلاول بھٹو سے ملاقات، پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:پیپلز پارٹی سے تحریکِ انصاف میں جانے والے ندیم افضل چن نے آج دوبارہ باقاعدہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

 لاہور میں ندیم افضل چن کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ظہرانے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، نثار کھوڑو، مراد علی شاہ، اعتزاز احسن، شیری رحمٰن، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی شریک ہوئے۔

ظہرانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور ندیم افضل چن نے سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے سامنے ندیم افضل چن نے پاکستان پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کا اعلان بھی کیا۔واضح رہے کہ ندیم افضل چن پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کے بعد کافی عرصہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان بھی رہے ہیں۔اس منصب سے ندیم افضل چن نے گزشتہ برس (جنوری 2021ء میں) خود استعفیٰ دیا تھا۔

واضح رہے کہ  پیپلز پارٹی کا عوامی لانگ مارچ گذشتہ روز مانگا منڈی کے راستے لاہور پہنچا تھا،ناصر باغ میں جیالوں کی بڑی تعداد صبح سے ہی پہنچنا شروع ہو گئی تھی۔جس کے لئے ناصر باغ جانب جانے والے ٹاؤن ہال اور کچہری چوک سمیت ایم اے او کالج سے راستے بیرئیرز لگا کر بند کر دئیے گئے۔ایس ایس پی آپریشنز مصتنصر فیروز نے ناصر باغ اور کچہری چوک کا وزٹ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی حفیظ الرحمان بگٹی کا کہنا تھا کہ عوامی مارچ کے لئے چار ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ تین مقامات پر چیکنگ کے بعد شرکا کو داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے اور قافلے کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔
 

Muhammad Zeeshan

Senior Copy Editor