ملازمین کو فارغ نہ کرنے پر سابق کرکٹرز بھی پی سی بی سے خوش

ملازمین کو فارغ نہ کرنے پر سابق کرکٹرز بھی پی سی بی سے خوش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نےڈاؤن سائزنگ کے نام پر نکالے گئے55 ملازمین کے ٹرمینشن لیٹر واپس لے لیے، سابق کرکٹرز نے پی سی بی کے فیصلے پر نظرثانی کو قابل ستائش عمل قرار دیدیا۔

 رواں ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سرپلس قرار دے کرملک بھر سے نچلے طبقے کے 55 ملازمین کو ملازمت سے برطرفی کے پروانے تھمائے تو پی سی بی کو کرکٹ حلقوں اور سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد جمعہ کو چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے ملازمت سے برخاستگی کے تمام نوٹسز واپس لینے کا اعلان کردیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے جہاں سابق کرکٹرز اور ناقدین سب ہی پی سی بی کے فیصلے پر نظرثانی کو قابل ستائش عمل قرار دے رہے ہیں۔

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم عامر سہیل کا کہنا ہے کہ وہ نچلے طبقے کے ملازمین کی نوکریاں بحال کرنے پر احسان مانی کی تعریف کرتے ہیں، یہ ایک غلطی تھی اور اب وہ اس خوش آئند عمل کو سراہتے ہیں۔ واضح رہے کہ عامر سہیل کا شمار پی سی بی کے موجودہ افسران کے ایک بڑے ناقدین میں ہوتا ہے۔

سابق کرکٹر فیصل اقبال نے بھی پی سی بی کے فیصلوں پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نچلے طبقے کے ملازمین کو نوکریوں پر بحال کرنا ایک خوش آئند عمل ہے۔

ادھر سابق کپتان اور سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے فیصلے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا فیصلہ ہے کہ نچلے طبقے کے ملازمین کو بھی پی سی بی کی فیملی کا حصہ سمجھا گیا ہے۔

 ماضی کی مثال دیتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ نجم سیٹھی کے دور میں 27 ٹرینرز کو نوکریوں سے فارغ کیا گیا مگر اس وقت کی انتظامیہ نے عوامی ردعمل کے باوجود انہیں واپس نہیں رکھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں 710 ملازمین کام کر رہے ہیں، جن میں 361  لاہور اور 70 کراچی جبکہ دیگرملازمین باقی سیںنٹرز پر فرائض انجام دیتےہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer