شاہد ندیم سپرا: 25 کلوواٹ سے کم صلاحیت کے سولر سسٹم رکھنے والے صارفین کے لیے جنریشن لائسنس کی شرط تاحال برقرار ہے، حالانکہ وزارتِ پاور ڈویژن اس کی فیس اور لائسنس کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کر چکی تھی۔
ذرائع کے مطابق لیسکو سمیت دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں 25 کلوواٹ سے کم لوڈ کے حامل صارفین کی درخواستیں اب بھی آن لائن پورٹل کے ذریعے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو منظوری کے لیے بھجوائی جاتی ہیں۔ نیپرا سے جنریشن لائسنس جاری ہونے کے بعد ہی صارفین کو ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جاتا ہے اور کنکشن کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں 25 کلوواٹ تک جنریشن لائسنس جاری کرنے کے اختیارات متعلقہ ڈسکوز کے پاس تھے، تاہم نیٹ بلنگ ریگولیشنز کے نفاذ کے بعد یہ اختیار نیپرا کو منتقل کر دیا گیا۔
اگرچہ نیپرا نے 25 کلوواٹ تک کے سولر صارفین کے لیے لائسنس فیس ختم کر دی ہے، تاہم جنریشن لائسنس جاری کرنے کا اختیار اب بھی نیپرا کے پاس ہے، جس کے باعث صارفین کو لائسنس کے حصول کا مرحلہ بدستور مکمل کرنا پڑ رہا ہے۔