علی ساہی:پنجاب پولیس کے موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نومبر 2025 سے صوبے کے 27 اضلاع میں موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس فعال ہیں، جن کے ذریعے گزشتہ 7 ماہ کے دوران 3 لاکھ 37 ہزار سے زائد شہریوں کو آن ڈور لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں 10 ہزار سے زائد شہریوں نے آن ڈور لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا، جبکہ ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے۔ اسی طرح ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد شہریوں نے آن ڈور فریش ریگولر لائسنس بنوائے اور 77 ہزار شہریوں نے موبائل لائسنس یونٹس سے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں پنک لائسنس یونٹس بھی فعال ہیں، جن کے ذریعے اب تک 70 ہزار سے زائد خواتین کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔
اسی دوران موبائل پولیس سٹیشن کے ذریعے 9 ہزار سے زائد پولیس سروسز فراہم کی گئیں، جبکہ 7 ہزار سے زائد شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ انصاف کی فراہمی کے لیے موصول ہونے والی 660 درخواستوں میں سے 630 پر کارروائی مکمل کر کے ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ 100 سے زائد ایف آئی آرز کا اندراج بھی کیا گیا۔
ہیڈ آف ٹریفک پنجاب کے مطابق موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے آن ڈور انصاف اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ محمد وقاص نذیر نے کہا کہ صاف، شفاف اور جدید نظام کے تحت لائسنسنگ سہولیات ہر شہری کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں۔