وقاص احمد:چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے پبلک ٹرانسپورٹ، آن لائن کیب سروسز اور رکشوں میں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب نہ کرانے والوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں توسیع کرتے ہوئے 10 جولائی تک مہلت دے دی ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق رکشہ یونینز، آن لائن کیب سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر تمام گاڑیوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کروا لیں، بصورت دیگر 10 جولائی کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس اب تک 12 ہزار سے زائد آن لائن کیبز اور رکشوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کر چکی ہے، جبکہ شہر کے 45 سیکٹرز میں ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیمیں یہ سہولت فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ رکشہ یونینز کے مطالبے پر شہریوں کی سہولت کے لیے مزید 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ رجسٹریشن اور دیگر ضروری امور جلد مکمل کیے جا سکیں۔
انہوں نے متعلقہ ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ مقررہ مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام قانونی تقاضے پورے کریں تاکہ بعد ازاں کارروائی سے بچا جا سکے۔