(فرزانہ صدیق) اسلام آباد پولیس کانسٹیبل عنصر محمود پر فائرنگ کرنے والا ملزم ہلاک کردیا گیا۔
گزشتہ رات پولیس کانسٹیبل کی شہادت کے بعد پولیس کا ملزمان کی تلاش کے لئے شہر بھر میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ چیمبر روڈ پر سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو روکا۔ گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس پر اچانک آندھا دھند فائرنگ کردی۔ ملزمان کی فائرنگ سے دو فائر پولیس اہلکار کو لگے جو حفاظت خود اختیاری کے تحت محفوظ رہے، ملزمان کی فائرنگ سے اُن کا ایک ساتھی ملزم بھی شدید زخمی ہوگیا۔
ملزمان آندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس نے زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کیا جو ہسپتال جا کے دم توڑ گیا۔ترجمان پولیس حکام کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت صیام کے نام سے ہوئی۔ ملزمان قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ ملزمان جی تیرہ میں ایک طالب علم کے قتل، مختلف علاقوں میں ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان متعدد سنگین جرائم کی وارداتوں میں راولپنڈی پولیس کو بھی مطلوب تھے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے ماررہی ہیں۔