ویب ڈیسک: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم اور سینئر سیاستدان مہاتیر محمدکو گھر میں گرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق 99 سالہ مہاتیر محمد منگل کی صبح تقریباً 7:40 بجے اپنی رہائش گاہ پر گر گئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ (آئی جے این) منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت زیرِ علاج ہیں۔
طبی معائنے کے دوران یہ تصدیق ہوئی کہ ان کے دائیں کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ ڈاکٹرز نے انہیں چند ہفتوں تک ہسپتال میں داخل رکھنے کی تجویز دی ہے۔ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم انور ابراہیم اور ان کی اہلیہ نے مہاتیر محمد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مہاتیر محمد کو ماضی میں دل کی بیماری کا سامنا رہا ہے اور ان کی متعدد سرجریز بھی ہو چکی ہیں، جبکہ رواں برس جولائی میں بھی انہیں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مہاتیر محمد 1981 سے 2003 اور پھر 2018 سے 2020 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے۔ وہ دو دہائیوں سے زائد عرصے تک اس عہدے پر فائز رہنے والے ملک کے طویل ترین مدت کے وزیراعظم ہیں۔